وٹامن ڈی اور مشکلات - ابو یحییٰ

وٹامن ڈی اور مشکلات

 

دنیا بھر میں بالعموم اور پاکستان میں بالخصوص وٹامن ڈی کی کمی کا بہت ذکر ہوتا ہے۔ اس کی کمی کی وجہ سے ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں اور جسم میں درد رہتا ہے۔ چنانچہ ڈبہ بند دودھ فروخت کرنے والی بہت سی کمپنیاں انتہائی مہنگے داموں اپنا دودھ اس دعوے کے ساتھ فروخت کرتی ہیں کہ دودھ میں وٹامن ڈی بھی شامل ہے۔ جبکہ ڈاکٹر ایسے مریضوں کو وٹامن ڈی کے انجیکشن تجویز کرتے ہیں۔

تاہم بہت کم لوگوں کو یہ حقیقت معلوم ہے کہ وٹامن ڈی ہر روز بلامعاوضہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملتا ہے۔ ہمارے سر پر چمکتا سورج وٹامن ڈی کے حصول کا سب سے آسان اور قدرتی ذریعہ ہے۔ دن کے اس تمام وسطی حصے میں جب ہمارا سایہ ہمارے قد سے چھوٹا، برابر یا قدرے بڑا ہوتا ہے، ہماری جلد براہ راست سورج کے سامنے ہونے پر خوبخود وٹامن ڈی بنانے لگتی ہے۔ یہی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ نے ہماری جلد کو اس وٹامن ڈی کو اسٹور کرنے کی بیٹری بھی بنا رکھا ہے۔ یعنی یہ وٹامن ڈی کو اپنے اندر جمع رکھتی ہے اور ضرورت پڑنے پر جسم کو فراہم کر دیتی ہے۔ چنانچہ جو لوگ دن کا کچھ حصہ سورج کی روشنی میں اس طرح گزارتے ہیں کہ وہ ان کی جلد پر براہ راست پڑتی رہے، وہ کبھی وٹامن ڈی کی کمی کا شکار نہیں ہوتے۔

یہ ایک مثال ہے جو بتاتی ہے کہ خدا کی دنیا میں ہر مشکل کے ساتھ خیر کا کوئی نہ کوئی پہلو ہوتا ہے۔ سورج کی دھوپ اور تپش کوئی پسند نہیں کرتا۔ بہت سے لوگ رنگ کالا ہوجانے کے خوف سے دھوپ سے بھاگتے ہیں۔ مگر درحقیقت یہ دھوپ جو بظاہر جلد کو گہرا کر رہی ہوتی ہے، دراصل ہڈیوں کو طاقتور بنانے اور صحت مند رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے ۔

یہی ہر مشکل کا سامنا کرنے کا اصول ہے۔ ہر مشکل جو بظاہر ہمارا’’رنگ‘‘ جلاتی ہے دراصل ہماری ’’ہڈیاں ‘‘ مضبوط کرتی ہے۔ یہ سبق یاد رہے تو انسان کسی مشکل میں مایوس نہیں ہوتا۔

بشکریہ ماہنامہ انذار، تحریر/اشاعت جولائی 2017
’’انذار جولائی 2017‘‘ پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
مصنف : ابو یحییٰ
Uploaded on : Jul 06, 2017
1297 View