نذر قسم ہی ہے - محمد رفیع مفتی

نذر قسم ہی ہے

رُوِیَ۱ عَنِ النَّبِیِّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ: إِنَّمَا النَّذْرُ یَمِیْنٌ، کَفَّارَتُہَا کَفَّارَۃُ الْیَمِیْنِ.

نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ روایت کیا گیا ہے کہ آپ نے فرمایا: نذر تو بس قسم ہی ہے، اس کا کفارہ وہی ہے جو قسم کا کفارہ ہے۔

ترجمے کے حواشی

نذر اپنی حقیقت میں وہی چیز ہے جو قسم ہے۔ قسم کھانے والا اپنی بات یا اپنے عہد پر خدا کو گواہ بناتا ہے اور نذر ماننے والا اللہ کے ساتھ کوئی عہد کرتا ہے۔ دونوں میں خدا کے ساتھ عہد کا یہ اشتراک انھیں ہم مثل بنا دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نذر کا کفارہ وہی بیان کیا گیا ہے جو قسم کا کفارہ ہے۔

متن کے حواشی

۱۔یہ احمد بن حنبل کی روایت، رقم ۱۷۳۸۷ ہے۔ بعض اختلافات کے ساتھ یہ مضمون یا اس کے کچھ حصے حسب ذیل (۱۲) مقامات پر نقل ہوئے ہیں:
احمد بن حنبل، رقم ۱۷۳۳۹، ۱۷۳۵۷، ۱۷۳۶۳، ۱۷۴۵۹؛ مسلم، رقم ۱۶۴۵؛ بیہقی، رقم ۱۹۶۹۷، ۱۹۸۶۲، ۱۹۸۳۵؛ ابوداؤد، رقم ۳۳۲۳، ۳۳۲۴؛ نسائی، رقم ۳۷۳۲؛ ابو یعلیٰ، رقم۱۷۴۴۔
بعض روایات مثلاً احمد بن حنبل، رقم۱۷۳۳۹ میں ’إِنَّمَا النَّذْرُ یَمِیْنٌ کَفَّارَتُہَا‘ (نذر تو بس قسم ہی ہے، اس کا کفارہ) کے بجائے ’کَفَّارَۃُ النَّذْرِ‘ (نذر کا کفارہ) کے الفاظ اور بعض روایات مثلاً احمد بن حنبل، رقم ۱۷۴۵۹ میں ’إِنَّمَا النَّذْرُ کَفَّارَتُہُ‘ (نذر، اس کا کفارہ تو) کے الفاظ روایت ہوئے ہیں۔
بعض روایات مثلاً بیہقی، رقم ۱۹۶۹۷ میں متعلق الفاظ سے پہلے الگ سند کے ساتھ ’مَنْ نَّذَرَ نَذْرًا لَمْ یُسَمِّہِ فَکَفَّارَتُہُ کَفَّارَۃُ یَمِیْنٍ‘ (جس نے کوئی غیر متعین نذر مانی تو اس کا کفارہ وہی ہو گا جو قسم کا کفارہ ہے) کے الفاظ بھی روایت ہوئے ہیں۔
بعض روایات مثلاً ابو یعلیٰ، رقم ۱۷۴۴ میں ’إِنَّمَا النَّذْرُ یَمِیْنٌ کَفَّارَتُہَاکَفَّارَۃُ الْیَمِیْنِ‘ (نذر تو بس قسم ہی ہے، اس کا کفارہ وہی ہے جو قسم کا کفارہ ہے) کے بجائے ’اَلنَّذْرُ یَمِیْنٌ وَکَفَّارَتُہُ کَفَّارَۃُ یَمِیْنٍ‘ (نذر قسم ہے اور اس کا کفارہ وہی ہے جو قسم کا کفارہ ہے) کے الفاظ روایت ہوئے ہیں۔

-------------------------------

 

بشکریہ ماہنامہ اشراق

تحریر/اشاعت فروری 2008
مصنف : محمد رفیع مفتی
Uploaded on : Nov 15, 2016
2345 View