اظہار تکبر کی مناہی - محمد رفیع مفتی

اظہار تکبر کی مناہی

(۷۳)

عَنِ بْنِ أَبِیْ لَیْلٰی قَالَ: خَرَجْنَا مَعَ حُذَیْفَۃَ وَذَکَرَ النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ: لَا تَشْرَبُوْا فِیْ آنِیَۃِ الذَّہَبِ وَالْفِضَّۃِ وَلَا تَلْبَسُوا الْحَرِیْرَ وَالدِّیْبَاجَ فَإِنَّہَا لَہُمْ فِی الدُّنْیَا وَلَکُمْ فِی الْآخِرَۃِ.(بخاری، رقم ۵۶۳۳)
حضرت ابن ابی لیلیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم حذیفہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ نکلے، تو انھوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر چھیڑا اور یہ بتایا کہ آپ نے فرمایا ہے: سونے اور چاندی کے برتنوں میں نہ پیا کرو اور ریشم و دیبا نہ پہنا کرو، کیونکہ یہ چیزیں ان (کفار) کے لیے دنیا میں ہیں اور تمھارے لیے آخرت میں ہوں گی۔

(۷۴)

عَنْ حُذَیْفَۃَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ قَالَ: نَہَانَا النَّبِیُّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ أَنْ نَّشْرَبَ فِیْ آنِیَۃِ الذَّہَبِ وَالْفِضَّۃِ وَأَنْ نَّأْکُلَ فِیْہَا وَعَنْ لُبْسِ الْحَرِیْرِ وَالدِّیْبَاجِ وَأَنْ نَّجْلِسَ عَلَیْہِ.(بخاری، رقم ۵۸۳۷)
حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں سونے اور چاندی کے برتنوں میں کھانے پینے سے روکا ہے اور آپ نے ہمیں ریشم اور دیبا کے کپڑے پہننے اور ان (کی بنی ہوئی گدیوں وغیرہ) پر بیٹھنے سے روکا ہے۔

(۷۵)

عَنْ أُمِّ سَلَمَۃَ قَالَتْ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ: مَنْ شَرِبَ فِیْ إِنَاءٍ مِّنْ ذَہَبٍ أَوْ فِضَّۃٍ فَإِنَّمَا یُجَرْجِرُ فِیْ بَطْنِہِ نَارًا مِّنْ جَہَنَّم.(مسلم، رقم ۵۳۸۷)
حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص سونے یا چاندی کے برتن میں پیتا ہے، وہ تو بس جہنم کی آگ کو اپنے پیٹ میں غٹ غٹ اتار رہا ہے۔

توضیح:

نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسی تمام چیزوں کے استعمال سے منع کیا ہے جن سے امارت کی نمایش ہوتی ہو یا وہ بڑائی مارنے، شیخی بگھارنے اور دوسروں پر رعب جمانے کا ذریعہ بنتی ہوں۔چنانچہ آپ نے سونے اور چاندی کے قیمتی برتنوں میں کھانے سے منع فرمایا ہے اور یہ بتایا ہے کہ جو شخص ان برتنوں میں کھاتا پیتا ہے، وہ اپنے پیٹ میں دوزخ کی آگ بھرتا ہے۔ نیز آپ نے یہ بھی بتایا کہ یہ برتن دنیا میں تو ان کفار کے لیے ہیں، لیکن آخرت میں یہ مومنین کے لیے ہوں گے۔

------------------------------ 

تاریخ: ستمبر 2011
بشکریہ: محمد رفیع مفتی
مصنف : محمد رفیع مفتی
Uploaded on : Aug 16, 2016
2714 View