رمضان المبارک اور ہماری محرومیاں - نعیم بلوچ

رمضان المبارک اور ہماری محرومیاں

 یہ عام مشاہدہ ہے کہ رمضان المبارک میں مساجد نمازیوں سے بھر جاتی ہیں۔جمعہ کے اجتماعات میں ہر بستی کی مسجد زبانِ حال سے یہ دہائی دے رہی ہوتی ہے کہ اہل ایمان بہت زیادہ ہیں اور ان کے مقابلے میں اس کا دامن بہت تنگ ۔غروب آفتاب سے کچھ دیر پہلے ٹریفک کے بے پناہ رش،کھانے پینے کی دکانوں میں گاہکوں کا ہجوم اور عین افطاری کے وقت کاروبارِزندگی کا کم وبیش رک جانا بظاہراس با ت کی علامت ہے کہ روزہ داروں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور اس سے محروم رہنے والے بد نصیب بہت کم۔بیسویں رمضان کے بعد ہر مسجد میں نوجوان،بوڑھے،اور ادھیڑ عمر، غرض ہرعمر کے لوگوں کی خاصی تعداد معتکف نظر آئے گی ۔رمضان المبارک میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے والوں کی تعداد بھی چونکا دینے والی ہے ۔یہ حقائق ایک طرف تو اطمینان کا باعث ہیں لیکن دوسری طرف یہ بہت ہی خوفناک سوالات اور انتہائی تلخ حقائق کی طرف اشارہ کرتے نظر آتے ہیں ۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب معاشرے کے ہرطبقے میں نمازیوں ،روزہ داروں ،معتکفین ،سخاوت اور عمرہ کرنے والوں کی تعداد اس قدر زیادہ ہے تو اس کا اثر اجتماعی رویوں میں کیوں نظر نہیں آتا؟ اگر نمازبے حیائی اور برے کاموں سے روکتی ،روزہ خدا خوفی پیدا کرتا، محروموں اور غریبوں کے لیے دل میں جگہ بناتا، اعتکاف وعمرہ اللہ سے محبت ،دین سے لگاؤ اور مذہب سے متعلق حمیت و حمایت پیدا کرتے ہیں تو ،کم از کم رمضان المبارک ہی میں سہی، جرائم میں کمی کیوں نہیں ہوتی؟ حکمرانوں میں عوام کے لیے ’’حقیقی ‘‘دوستی اور معاشرے میں استحکام کے جذبات کو مہمیز کیوں نہیں ملتی؟ نا جائز منافع خوری کے نتیجے میں مہنگائی کا عفریت جگہ جگہ ڈیرے ڈالے کیوں نظر آتاہے ؟سرکاری دفاتر میں احساس ذمہ داری ،ایمانداری اور تن دہی کے بجائے وہی روایتی انداز کی غیر ذمہ داری،رشوت ستانی ،کاہلی اور غفلت کی بیماریوں میں کوئی افاقہ کیوں نظرنہیں آتا؟
کہیں اس کی وجہ یہ تو نہیں ہے کہ وہ مہینہ جس میں انسان اپنے پروردگار سے گناہوں کی معافی مانگتا ،اپنا محاسبہ کرتا ، خدا خوفی کا مزاج پیدا کرتا ہے ، اس میں ہمارا رویہ ، عوام ہوں یا خواص ، مجموعی لحاظ سے بالکل الٹ ہوجاتا ہے۔ حکمرانوں ہی کو لے لیجیے ۔ وہ عوام کے ساتھ کی گئی زیادتیوں اور اپنے حلف سے کی گئی غداریوں پر نادم ہونے کے بجائے اس پر پوری منافقت اور ڈھٹائی سے پردے ڈالتے نظر آتے ہیں ۔ بڑی بڑی اشتہاری مہموں کے ذریعے سے عوام کو یہ یقین دلایا جاتا ہے کہ ہم تمھاری خوشحالی کی خاطر اپنا دن رات ایک کیے ہوئے ،ہر وقت ایسی سکیموں اور منصوبوں کی تلاش میں رہتے ہیں جس سے غریب عوام کے مسائل میں کمی اور اس کے وسائل میں اضافہ ہو۔
اب ذرا تصور کیجیے کہ ہمارے حکمران جب دعا کے لیے ہاتھ اٹھاتے ہوں گے تو کیا کہتے ہوں گے ؟اگر تواشتہاری مہموں ،اخباری بیانات ،ٹی وی مذاکرے ’’سب اچھا ہے‘‘ کی رپورٹ کر رہے ہیں تو وہ پروردگار کائنات کو یہ کہہ رہے ہوں گے کہ جس طرح عوام ہمارے دعووں پرایمان لے آتے ہیں اسی طرح اے اللہ تو بھی مان لے کہ ہم نے مہنگائی کم کر دی ہے، اپنی جیب سے روپیہ ڈال کر اشیائے صرف کی قیمتوں میں اعتدال پیدا کر دیا ہے،اپنے آرام و سکون کوتج کر کے امن و امان کو برقرار رکھا ہواہے، ناجائز منافع خوروں کو لگام دے کر اپنی ذمہ داریوں کا کماحقہ احساس کیا ہے، جن سیاستدانوں کے کرتوتوں پر پردہ ڈال کر ان کو اپنے ساتھ ملایا تھا ، انھیں ان کے کیے کی سزا دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ ہم نے ذاتی دشمنی اور مخالفت سے بالاتر ہو کر سیاست میں غیر جانب داری اور اصول پسندی کو بنیاد بنا کر جمہوریت کی گاڑی کو دوبارہ سے پٹری پر لانے کا اہم ترین فیصلہ کر لیا ہے۔اس لیے اے اللہ! ہماری حکومت کو استحکام بخش ! ہم تیری خلقت کے لیے رحمت کا سایہ ہیں، اس لیے اس سایہ عاطفت کو قائم رکھ! ہم امت مسلمہ کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کر دینے کا عزم اور جذبہ رکھتے ہیں اس لیے زمانے میں ہماری ساکھ قائم رکھ ! وطن عزیز جس کڑے امتحان سے گزررہا ہے ،اس میں ہمیں سرخرو کر!
ذرا انصاف سے بتائیے کہ اگر پروردگارِ کائنات غافل نہیں ،حی وقیوم ہے ،بے خبر نہیں علیم وخبیر ہے ،ظالم و سفاک نہیں عادلِ مطلق اور رحیم و رحمان ہے تو وہ یہ دعائیں کیسے قبول کرے گا ؟ حکمرانوں کو ان کی نمازوں ،روزوں، افطاریوں ، سخاوتوں ، عمروں ، اعتکافوں کے باوجود کیا ملے گا؟ ان کے لیے اس رمضان کی برکت کیا ہوئی؟
یہ تو حکمرانوں کا حال ہے ،اب ذرا عوام الناس کی عبادتوں اورریا ضتوں کا جائزہ لیجیے ۔ زیادہ تفصیل میں جائے بغیر ایک اہم پہلو ہی پر غور کر لیتے ہیں ۔ا س مہینے کروڑوں مسلمان نمازِتراویح میں اور انفرادی طور پر قرآن مجید کی تلاوت کا شرف حاصل کرتے ہیں ۔اگر قرآن کا طوطے کی طرح بغیر سوچے سمجھے پڑھنا اور سنناباعث ثواب بھی مان لیں توکتنے فیصد لوگوں کو قرآن کی حکمت ، ہدایت اور تذکیر حاصل ہوتی ہے یعنی وہ نعمت جو اس کے نزول کا اصل باعث ہے ۔ایسے سلیم الفطرت اور کامن سنس رکھنے والے افراد کیا آٹے میں نمک کے برابر نہیں ہیں جنھوں نے قرآن کی چاہے ایک سورہ ہی پڑھی، لیکن اس کا مطلب جانا ،اس سے نصیحت حاصل کی ،قرآن کی حکمت و دانش کو اپنے قلب و روح کا حصہ بنایا ! اس پہلو سے اگر مساجد میں تلاوت کرنے والوں ،تراویح سننے والے نمازیوں ،حسن قرات کے مقابلوں کی وجد آفرین محفلوں اور شبینوں کی پر شکوہ تقاریب کا جائزہ لیں تو قرآن زبانِ حال سے یہ دہائی دیتا نظر آتاہے۔

 

 

 

کس بزم میں مجھ کو بار نہیں ،کس عرس میں میری دھوم نہیں
میں پھر بھی اکیلا رہتا ہوں ،مجھ سا کوئی مظلوم نہیں!!

 

 

 

رمضان قرآن کے نزول کا مہینہ ہے اور اس مہینے مسلمانوں کی “نظر کرم “قرآن ہی پر رہتی ہے لیکن اس ’’نظر کرم‘‘ کی حقیقت کیا اس سے مختلف ہے جس کی ایک ادنیٰ سی جھلک ہم نے پیش کی ہے؟ سوال یہ ہے ،کیا پھر بھی یہ توقع مبنی بر حقیقت ہے کہ قرآن ہماری زندگیوں میں کوئی مثبت تبدیلی لانے کا باعث ہو گا؟
رمضان احتساب نفس کا مہینہ ہے۔ اللہ کے حضور اپنے گناہوں کا اعترف کر کے سچے دل سے معافی مانگنے کا مہینہ ہے اور سچے دل سے کیا مرادہے؟یہ کہ جس گناہ کی معافی مانگی جارہی ہو اس کو نہ کرنے کا ذہن میں پختہ عہد ہو۔اب اگرکوئی زبان سے تو یہ کہہ رہا ہو کہ اے اللہ معاف کر دے اور ہاتھ کم تول رہا ہو ،دل کسی کے کینے سے بھرا ہو ،ذاتی کام پر سرکاری وسائل خرچ ہو رہے ہوں،حق دار کا حق مارا جا رہا ہو ، ناجائز منافع خوری ہو رہی ہو تو ایسی تو بہ بھلا وہ پروردگار کیسے قبول کرے گا جو صرف زبانوں کے الفاظ ہی نہیں دلوں کے حال اور دماغوں کے فتور بھی جانتا ہے ؟ معافی مانگنے والے کتنے ایسے ہیں جنھوں نے انتہائی سچائی سے ان لوگو ں کی فہرست بنائی، جن کا حق مارا گیا ،جن کو نقصان پہنچایا گیااور پھر یہ ارادہ اور عزم کیا کہ اس کا جہاں تک ممکن ہو ازالہ کیا جائے گا ۔ کتنے ایسے ہیں جنھوں نے اپنی شخصیت کا بے لاگ جائزہ لیتے ہوئے اپنی اخلاقی اور وصفی کمزوریوں کی فہرست بنائی اور پھر اپنے آپ سے عہد کیا کہ آج کے بعد وعدہ خلافی نہیں کریں گے ،جھوٹ نہیں بولیں گے ،غیبت سے باز رہیں گے،بے ہودگی اورفحش کاموں سے اجتناب کریں گے ۔بد تمیزی، دل دکھانے، اشتعال میں آکر حد سے تجاوز کرنے کی عادت کو سچے دل اور مضبوط ارادے ختم کرنے کی کوشش کریں گے ۔کیا ہم نے ایسی کسی فہرست میں درج کسی خامی اور کسی کوتاہی کو نشان زدکر کے اللہ کا شکر ادا کیا کہ اس خرابی سے تو نجات حاصل ہوئی؟اور اگر ایسا نہیں تو بتائیے دلوں کے راز جاننے والا ،ارادوں کو بھانپ لینے والا علیم الصدورخدا ،رحمان و رحیم ہوتے ہوئے بھی ہمارا یہ کہنا کیسے مان لے گا کہ اے اللہ مجھے معاف کر دے ،میں توبہ کرتا ہوں !واضح رہے کہ کسی کا حق اگرمارا گیا، کسی کا دل اگر دکھایا گیا تو یہ گناہ اس وقت تک معاف نہیں ہو گیا جب تک مظلو م کی داد رسی نہ ہو گئی ہو۔ ا س ضمن میں بہائے گئے ہزاروں آنسو ، پڑھے گئے لا کھوں نفل، رکھے گئے تمام روزے بے کار ہیں !
ہر رمضان میں اللہ کے وعدے کے مطابق شب قدر بھی آتی ہے۔ شب قدر کی فضیلت کا ذہن میں تصور کیجیے اور پھر ہمارے ہاں کی مسجدوں میں “لاوڈ سپیکر”کلچر کو بھی سامنے رکھیے۔ہزار مہینے کی عبادت سے بھی افضل اس رات کو جب قدسیوں کے سردار حضرت جبرائل رحمت بن کر ہمارے شہروں میں نزول فرماتے ہوں گے تو مولوی صاحبان جس انداز سے لاؤڈ سپیکروں پر شوروغوغا مچا رہے ہوتے ہیں ،کم از کم اس صورت حال میںیہ باور نہیں کیا جا سکتا کہ وہ واقعی ہماری دعاؤں پرآمین کہتے ہوں گے ۔بلکہ خدشہ ہے کہ وہ ہماری بد نصیبی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوں گے کہ عبادت تو اپنے پروردگار کو چپکے چپکے یاد کرنے کا نام ہے۔ اس رات کے شایانِ شان تویہ ہے کہ تنہائی میں اللہ کے حضور آنسو بہائے جائیں ،معافی مانگی جائے، گڑ گڑا کر اپنی کوتاہیوں سے پیچھا چھڑانے کی درخواست کی جائے لیکن یہ فرشتے ایک بہت بڑی اکثریت کو تقریبات کی نوعیت کے جلسے جلوسوں میں مست پاتے ہوں گے ۔ یقیناً ایسے خوش نصیب بھی ہوں گے جو اس رات کی برکتوں سے حصہ پاتے ہوں گے لیکن ذرا انصاف سے کا م لے کر بنائیے کہ یہ خوش بخت کتنے ہوں گے؟
ہمارے ملک میں اس وقت لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہے۔ قانون کے مطابق سوائے اذان اور ناگزیر ضرورت کے سپیکر استعمال نہیں کیاجا سکتا ، لیکن اس پر کتنا ایک عمل ہو تا ہے ، یہ ہم سب پر واضح ہے۔ یوں قانون شکنی کے گناہ میں ملوث ہونے والے، گھر بیٹھے ہزاروں ،لاکھوں افراد کی انفرادی عبادات میں مخل ہو کر، لاتعداد مریضوں ، طالب علموں ،بچوں کے آرام و سکون اور ذاتی کاموں میں مصروف لوگوں کی مصروفیت میں خلل اندازی کرنے والے کیا فرشتوں کی دعاؤں کے حق دار بنتے ہوں گے یا ان کی بے زاری کا باعث؟
سچی بات تو یہ ہے کہ ہمارے ہاں کے روزہ داروں کی عظیم اکثریت عملی طور محض بھوکا پیاسا رہنے کو روزہ جانتی ہے ۔روزہ رکھ کر عملِ صالح کرنا ،اور گناہوں سے بھی محفوظ رہنا ضروری خیال نہیں کرتے ۔ان کے فہمِ دین کا کمال یہ ہے کہ نہیں جانتے تلاوت قرآن سے ثواب محض ایک اضافی نعمت ہے ۔یعنی اسے سمجھ کر اس پر عمل کرنے کے بعد مزید ایک عنایت ہے جو ہمیں ملتی ہے۔ لیکن اگر قرآن کو سمجھا جائے نہ عمل کیا جائے بلکہ اس کی تعلیم سے برعکس کام کیے جائیں توکیا پھر بھی ہم ثواب کے حق دار ہوں گے؟حقیقت تو یہ ہے کہ رمضان آتا ہے ،روزے رکھے جاتے ہیں ،عبادات کی جاتیں ہیں لیکن وہ ہمارے معاشرے کے اجتماعی وجود کا حصہ نہیں بنتیں بلکہ خدشہ ہے کہ یہ ریاضتیں ،یہ عبادتیں ،یہ اعتکاف ،یہ عمرے اور یہ خیراتیں ہمیں اس احساس تفاخر میں مبتلا کر دیتی ہیں کہ ہم نے بہت اعمالِ صالح کیے اور یوں یہ احساس ہمارے نفس میں موجودانا کی چربی کو اور بڑھا دیتا ہے، نیکیاں کردار کی طاقت اور شخصیت کی حرارت بننے کے بجائے ہمارے احساس تفاخر کے موٹاپے کا باعث بن جاتی ہیں۔ اس سے ہم مزیدسست ہو جاتے ہیں ۔مزید اخلاقی بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اپنی پستی اور زوال کو اور گہراکر دیتے ہیں!

 

------------------------------

 

بشکریہ ماہنامہ اشراق

تحریر/اشاعت ستمبر 2009
مصنف : نعیم بلوچ
Uploaded on : Aug 23, 2016
4319 View