ازار لٹکانے کی مناہی - محمد رفیع مفتی

ازار لٹکانے کی مناہی

(۸۰)

عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا أَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ: لَا یَنْظُرُ اللّٰہُ إِلَی مَنْ جَرَّ ثَوْبَہُ خُیَلَاءَ.(بخاری، رقم ۵۷۸۳)
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ اس شخص کو دیکھنا بھی پسند نہیں کرے گا جو غرور سے اپنا تہ بند گھسیٹتے ہوئے چلتا ہو۔

(۸۱)

عَنْ عَبْدِ اللّٰہِ بْنِ عُمَرَ أَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ: إِنَّ الَّذِیْ یَجُرُّ ثِیَابَہُ مِنَ الْخُیَلَاءِ لَا یَنْظُرُ اللّٰہُ إِلَیْہِ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ.(مسلم، رقم ۵۴۵۵)
حضرت عبداللہ بن عمر (رضی اللہ عنہما )سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص غرور سے اپنا تہ بند گھسیٹتے ہوئے چلتا ہو، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی طرف دیکھے گا بھی نہیں۔

(۸۲)

عَنْ عَبْدِ اللّٰہِ بْنِ عُمَرَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ: مَنْ جَرَّ ثَوْبَہُ خُیَلَاءَ لَمْ یَنْظُرِ اللّٰہُ إِلَیْہِ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ فَقَالَ أَبُوْ بَکْرٍ: إِنَّ أَحَدَ شِقَّیْ ثَوْبِیْ یَسْتَرْخِیْ إِلَّا أَنْ أَتَعَاہَدَ ذٰلِکَ مِنْہُ فَقَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ: إِنَّکَ لَسْتَ تَصْنَعُ ذٰلِکَ خُیَلَاءَ.(بخاری، رقم ۳۶۶۵)
حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص تکبر سے اپنا کپڑا زمین پر گھسیٹ کر چلے گا، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی طرف دیکھے گا بھی نہیں۔ حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میرے کپڑے کی ایک طرف لٹک جایا کرتی ہے، سوائے اس کے کہ میں ہر وقت اس کا دھیان رکھوں، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم تکبر کی وجہ سے تھوڑا ہی یہ کرتے ہو۔

توضیح:

تکبر کے اظہار کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ انسان اپنے لباس یا اپنے ازار کو زمین پر گھسیٹتے ہوئے چلے۔ اس حدیث میں ہمیں یہ بتایا گیا ہے کہ جو شخص اظہار تکبر کے لیے ایسا کرے گا، قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس سے اتنا ناراض ہو گا کہ وہ اس کی طرف دیکھنا بھی پسند نہیں کرے گا، حالاں کہ اس دن ہر شخص خدا کی نظر کرم کا انتہائی محتاج ہو گا۔

------------------------------

 

تاریخ: ستمبر 2011
بشکریہ: محمد رفیع مفتی
مصنف : محمد رفیع مفتی
Uploaded on : Aug 16, 2016
2871 View