ایمان ، اخلاق اور شہادت حق - ابو یحییٰ

ایمان ، اخلاق اور شہادت حق

 

کوئٹہ بم دھماکہ جس میں ستر سے زائد قیمتی جانوں کا نقصان ہوا، اِس کا دھواں بہت سے لوگ اُس آگ سے اٹھتا محسوس کرتے ہیں جو کئی دہائیوں سے افغانستان کی سرزمین کو جلا رہی ہے۔ نہیں ۔ ۔ ۔ یہ بات اتنی سادہ نہیں ہے۔ مسلمان خاص کر پاکستان کے مسلمان جو دنیا بھر میں اسلام کے دعویدار ہیں جس آگ میں جل رہے ہیں، اس کی چنگاریاں افغانستان سے اڑ کر نہیں آئیں ۔

یہ آگ تو پہلے بھی ہمیں سقوط ڈھاکہ کی شکل میں جلا چکی ہے۔ یہ آگ تو ہر برس ہزاروں بے گناہوں کو غربت، جہالت اور نا انصافی کے ہاتھوں جلاتی ہے۔ یہ آگ تو برسہا برس سے فرقہ وارانہ ، نسلی اور لسانی فسادات میں ہمیں جلاتی رہی ہے۔ دہشت گردی اسی آگ کا ایک نیا شعلہ ہے جو دس پندرہ برس سے ہمارے شہروں کو جھلسا رہا ہے۔ ہم اس شعلے کو بجھا بھی دیں تو یہ کسی اور شکل میں بھڑ ک اٹھے گا۔

یہ آگ ان قومو ں کا مقدر ہوتی ہے جن کے افراد اللہ کے نام پر دنیا میں کھڑے ہوتے ہیں اور پھر بھی ایمان واخلاق کے ہر تقاضے کو اوپر سے نیچے تک پامال کرتے ہیں۔ یہ آگ ان کا مقدر ہوتی ہے جن کو دنیا میں حق کے گواہ بنا کر کھڑا کیا جاتا ہے اور وہ دنیا سے لڑنے جھگڑنے کو کرنے کا اصل کام سمجھتے ہیں۔ یہ آگ ان کا مقدر ہوتی ہیں جو ختم نبوت کے ہر منکر کو کافر قرار دیتے ہیں اور خود ختم نبوت کے بعد عائد ہونے والی شہادت حق کی ذمہ داری کو بھول کر جیتے ہیں ۔

ہمارے پاس اس آگ کو بجھانے کا ایک ہی راستہ ہے۔ یا تو ہم اسلام کا نام لینا بند کر دیں کہ لوگ ہماری مکروہ اخلاقی شکل میں اسلام کا چہرہ تلاش نہ کریں۔ یا پھر ایمان، اخلاق اور شہادت حق کی ذمہ داری کو ادا کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔ یہ نہیں تو پھر مزید آگ کے لیے تیار رہیں۔ کیونکہ خدا نے غداروں کو پہلے کبھی معاف کیا ہے نہ وہ آئندہ ایسا کرے گا۔

-----------------------------

 

 ‎بشکریہ ابو یحی
‎انذار ڈاٹ اورگ
مصنف : ابو یحییٰ
Uploaded on : Sep 09, 2016
2273 View